اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت داخلہ نے چاروں صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئرپورٹس‘ ریلوے سٹیشن‘ جنرل بس سٹینڈ‘ اہم قومی املاک‘ دفاتر‘ ملکی و غیرملکی بینکوں کو محفوظ بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات بروئے کارلائیں جبکہ سیاستدانوں‘ علماء و خطباء‘ وزراء‘ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی‘ اعلیٰ سول و پولیس حکام کو بھی اس حوالے سے محتاط رہنےکی ہدایات جاری کریں۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کہا کہ مذکورہ ہدایات کا تعلق غیر معمولی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے ساتھ دہشت گردوں کو ان کے انجام پر پہنچانے کیلئے مجوزہ آپریشن کی تیاریوں سے ہے۔
اور ایسی اطلاعات ہیں کہ دہشت گردوں کی جانب سے اہم شہروں میں اس کا ردعمل ہوسکتا ہے۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ممکنہ آپریشن کے حوالہ سے جلد وزیر اعظم نوازشریف کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس بھی متوقع ہے جس میں چاروں صوبوں سے اعلیٰ عہدیداران بھی شامل ہونگے۔