عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق صدر کو یکم جولائی کو طلب کرلیا ہے۔

سابق صدر مشرف کے خلاف عبد الرشید غازی قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج واجد علی کی عدالت میں ہوئی، سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے ان کے موکل کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔

سابق صدر کے وکیل نے کہا کہ ڈاکٹر نے پرویز مشرف کو سختی سے سفرکرنے سے منع کیا ہے، سیکیورٹی انتظامات کئے جائیں اور ڈاکٹر اجازت دیں تو پرویز مشرف پہلی دستیاب پرواز سے اسلام آباد آجائیں گے۔

مدعی کے وکیل اور پراسیکیوٹر عبدالحق ملک ایڈووکیٹ نے پرویزمشرف کی میڈیکل رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں مروجہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا، پرویز مشرف کے انگوٹھے کا نشان یا شناختی کارڈ نمبر رپورٹ پر درج نہیں۔

رپورٹ میں یہ تک درج نہیں کہ وہ کس اسپتال میں زیر علاج ہیں اور کون سی دوائیں استعمال کررہے ہیں، اس لئے اس رپورٹ کی اہمیت کاغذ کے ٹکرے سے زائد نہیں۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد عدالت نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے سابق صدر کو یکم جولائی کو طلب کرلیا۔