اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد میں پرویز مشرف کی عبدالرشید غازی قتل کیس میں آج حاضری سے استثا کی درخواست مستردکردی گئی ۔ عدالت نے انہیں یکم جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیاہے ۔ پرویز مشرف عبدالرشید غازی قتل کیس میں آج بھی پیش نہ ہوئے ۔
عدالت کے طلب کرنے پر مشرف کے دو ضامن عدالت میں پیش ہوئے ۔مشرف کے وکیل اختر شاہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر نے پرویز مشرف کو سختی سے سفر سے منع کیا ہے۔سیکیورٹی انتظامات کئےجائیں اورڈاکٹر اجازت دیں تو مشرف اگلی فلائٹ سےآجائیں گے۔
عدالت میں مشرف کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی جس پر پراسیکیوٹر اور مدعی کے وکیل نے اعتراض اٹھایا۔عبدالحق ملک ایڈووکیٹ نے رپورٹ کو کاغذ کا ٹکڑا قرار دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ میں درج نہیں کہ وہ کس اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
کونسی ادویات استعمال کررہے ہیں۔ اختر شاہ نے عدالت سے کہا کہ پتا چلا ہے کہ حتمی چالان میں پرویز مشرف کو بے گناہ قرار دے کر چالان کے خانہ نمبر دو میں رکھا گیا ہے ۔ عدالت نے مشرف کی حاضری سے استثنا کی درخواست مسترد کردی ۔ اور یکم جولائی کو لازمی پیش ہونے کا حکم دیا۔