جرمنی اسلحہ برآمد کرنے والا تیسرا سب سے بڑا ملک

Germany

Germany

برلن (جیوڈیسک) جرمنی میں گزشتہ برس ہتھیاروں کی برآمدات میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا اور ملکی اداروں نے مجموعی طور پر 5.85 بلین یورو کے ہتھیار برآمد کئے۔ 2012

ء کے مقابلے میں 2013ء میں ایسی جرمن برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا۔ جرمن حکومت کی طرف سے جاری کردہ سرکاری رپورٹ کے مطابق جرمنی دنیا بھر میں اسلحہ برآمد کرنے والے تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ 2013ء کے دوران یورپی یونین اور نیٹو سے باہر کی ریاستوں کو جرمن ساختہ ہتھیاروں کی برآمد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا۔

ان برآمدات سے جرمن معیشت کو مجموعی طور پر پانچ ارب 850 ملین یورو کی آمدنی ہوئی۔ گزشتہ برس یہ آمدنی 2012ء کے مقابلے میں 1.14 بلین یورو زیادہ رہی۔ ایسا زیادہ تر سعودی عرب، قطر، الجزائر اور انڈونیشیا جیسے ممالک کو اسلحے کی فروخت میں واضح اضافے کے باعث ممکن ہوا۔

جرمنی 2008ء سے امریکا اور روس کے بعد ہتھیاروں کا تیسرا سب سے بڑا برآمد کنندہ ملک چلا آ رہا ہے۔ ان برآمدات میں مسلسل اضافے کے نتیجے میں حکومت پر تنقید زیادہ ہو جائے گی۔

دوسری طرف یہ بھی سچ ہے کہ جرمن ساختہ ٹینکوں، بحریہ کی کشتیوں، مشین گنوں اور دفاعی شعبے کی دیگر مصنوعات کو ان کے اعلیٰ معیار کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر اتنا قابل اعتماد سمجھا جاتا ہے کہ ان کی طلب مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ اس تناظر میں وفاقی وزیر معیشت زیگمار گابریئل نے اس رپورٹ کے اجراء کے موقع پر وعدہ کیا کہ برلن حکومت مستقبل میں جرمن عوام کو دوسرے ملکوں کے ساتھ ہتھیاروں کی تجارت کے بارے میں زیادہ تواتر سے اور جتنی تفصیل سے ممکن ہوا باخبر رکھے گی۔