ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو کا چینی قونصل خانے کا دورہ

 Ghulam Qadir Thebo

Ghulam Qadir Thebo

کراچی (جیوڈیسک) ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے چینی قونصل خانے کا دورہ کیا اور وائس قونصل جنرل چین سے ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دیگر ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ امن و امان کی بحالی اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت سمیت شہر میں قیام پذیر اور مختلف ترقیاتی پروجیکٹس اور قونصلیٹ جنرلز کے دفاتر سے منسلک غیر ملکی مندوبین اور مہمانوں کی سیکیورٹی جیسے بنیادی فرائض کے ضمن میں پولیس خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی افراد کے یقینی تحفظ کے سلسلے میں پولیس کا فارنز سیکیورٹی سیل بھی ایس پی رینک کے افسران کی نگرانی میں مربوط اور مؤثر سیکیورٹی اقدامات پر مامور ہے۔

وائس قونصل جنرل چین نے اس موقع پر فارنز سیکیورٹی سیل کے لیے چینی حکومت کی جانب سے تمام تر جدید تکنیک اور آلات سے آراستہ ایک موبائل کی فراہمی کی یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے سیکیورٹی اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔