قومی اسمبلی اجلاس، پی ٹی آئی اور ن لیگ ارکان میں نوک جھونک

National Assembly

National Assembly

اسلام آباد (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی رکن عائشہ گلالئی نے الزام عائد کیا کہ میٹرو منصوبوں میں اتفاق فاؤنڈری کا سریا لگ رہا ہے، جس پر نواز لیگ کے ارکان نے احتجاج کیا، اجلاس میں سارا وقت نوک جھونک چلتی رہی۔ تحریک انصاف کی عائشہ گلالئی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ کو غریب کش اور ودہولڈنگ ٹیکس کو بھتہ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ پنجاب کے میٹرو منصوبے میں اتفاق فاؤنڈری کا سریا اور سیمنٹ لگتا ہے، ان کے بیان پر نون لیگ نے احتجاج کیا۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے کہنے پر حکومتی ارکان خاموش ہو گئے، جس پر اسپیکر ایاز صادق نے لقمہ دیا کہ ان کے کہنے پر تو کوئی خاموش نہیں ہوا تھا۔ ن لیگ کے میاں عبدالمنان نے تحریک انصاف کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اتفاق فاؤنڈری میں تو 20 سال سے سریا نہیں بنتا، بنی گالہ میں جو بنتا ہے وہ بھی بتائیں گے، فیصل آباد میں شیخ رشید کو کرائے کا بھانڈ بنا کر لایا گیا، جس پر تحریک انصاف کے ارکان سیخ پا ہو گئے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا ہے کہ موجود حکومت گزشتہ حکومت کی بنائی گئی فہرست کے مطابق اداروں کی نجکاری کر رہی ہے۔ پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نے طاہر القادری کو پاکستان پہنچتے ہی گرفتار کر کے واپس کینیڈا بھیجنے کا مطالبہ کر دیا۔