کابل (جیوڈیسک) افغان صدارتی انتخاب کا دوسرا اور حتمی مرحلہ 14 جون کو ہو گا، صدارتی امیدوار اشرف غنی نے جیت کی صورت میں امریکا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے کا عندیہ دے دیا ہے۔ افغانستان میں صدارتی الیکشن کے دوسرے اور فیصلے کن معرکے کیلئے تیاریاں تیز ہو گئی، پشتون علاقوں میں مقبول صدارتی امیدوار اشرف غنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ جیتنے کی صورت میں امریکا کیساتھ سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کر دیں گے، لیکن افغان طالبان نے الیکشن کو سبو تاژ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں افغان اور نیٹو افواج پر حملے تیز کرنے کا اعلان کیا ہے، طالبان نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پولنگ کے عمل سے دور رہیں۔ صدارتی الیکشن کے پہلے مرحلے پانچ اپریل کو کوئی بھی امیدوار مطلوبہ 50 فیصد ووٹ حاصل نہ کر سکا تھا، اب زیادہ ووٹ لینے والے عبداللہ عبداللہ اور دوسرے نمبر پر رہنے والے اشرف غنی کے درمیان 14 جون کو ٹاکرا ہو گا۔