مسلم لیگ ق نے عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کی حمایت کر دی

Sheikh Rasheed,Chaudhry Shujaat

Sheikh Rasheed,Chaudhry Shujaat

راولپنڈی (جیوڈیسک) مسلم لیگ ق نے 20 جون کو عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کی حمایت کر دی۔ شیخ رشید کہتے ہیں حکومت کیخلاف گرینڈ الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چودھری شجاعت کا کہنا ہے کہ گجرات میں ٹرین مارچ کا خود استقبال کریں گے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے مسلم لیگ ق کی مرکزی قیادت کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا 20 جون کو تاریخی عوامی ایکسپریس کا ٹرین مارچ ہو گا اور 23 جون کو ڈاکٹر طاہر القادری کا تاریخی استقبال کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا چودھری برادران سےبھائیوں والا رشتہ ہے اور ق لیگ کا مشکور ہوں انہوں نے یہاں آ کر عزت دی، ق لیگ نے ٹرین مارچ کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ شیخ رشید احمد نے کہا اب دھرنا اورفائنل راؤنڈ ہو گا، گرینڈ الائنس وقت کی اہم ضرورت ہے اور خواہش ہے تمام پارٹیوں کا گرینڈ الائنس ہو۔ انہوں نے کہا دوسرے مرحلے کی ٹرین مارچ کا اعلان بعد میں کریں گے۔ شیخ رشید کا کہنا تھا چودھری شجاعت کا گجرات میں ٹرین مارچ کا استقبال عزت افزائی ہے۔ مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہی نے کہا شیخ صاحب جو کہتے ہیں اس پر عمل کرتے ہیں، 10 نکاتی ایجنڈے پر بھی بات ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا دیگر جماعتیں بھی اپنا ایجنڈا دے سکتی ہیں ان کی رائے کو بھی شامل کیا جائے گا۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنما شیخ صاحب کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں انہوں نے بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ خرم گنڈا پور کا مزید کہنا تھا شیخ صاحب نے ہماری درخواست پر ٹرین مارچ کا دوسرا مرحلہ فی الحال منسوخ کیا اور عوامی مسلم لیگ کے 20 جون کے ٹرین مارچ میں پاکستان عوامی تحریک بھی میں شامل ہو گی۔

چودھری شجاعت نے بات کرتے ہوئے کہا سب سے اہم رشتہ ماں کا ہوتا ہے، ہماری والدہ شیخ رشید سے اتنا پیار کرتی تھی جتنا ہم سے اور 20 جون کو سب دوست یار ٹرین مارچ میں شامل ہوں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا گجرات میں ٹرین مارچ کا خود استقبال کریں گے۔