سمندری طوفان کے اثرات پاکستان کے ساحلی علاقوں تک پہنچنا شروع

Nautical, Storm

Nautical, Storm

کراچی (جیوڈیسک) سمندری طوفان نانوک کے اثرات پاکستان کے ساحلی علاقوں تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ کراچی میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف نانوک دس کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے عمان کی طرف بڑھ رہا ہے۔

سمندری طوفان نانوک آج رات شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو جائے گا اور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے عمان کے ساحل سے ٹکرائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اڑتالیس گھنٹے بعد طوفان کی شدت میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کو اس سمندری طوفان سے براہ راست کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے تاہم سمندری طوفان کے باعث آج رات سے سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ سمندر میں زیرو پوائنٹ پر زبردست طغیانی سے سیم نالے پانی سے بھر گئے۔

لسبیلہ میں طغیانی کے باعث لہریں بلند ہونے سے ساحلی علاقوں میں ماہی گیروں کے گھر زیر آب آ گئے۔ سندھ کے ضلع بدین اور ٹھٹھہ کے درجنوں دیہات اور زیریں علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے۔ لوگوں نے خوف کے باعث نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات نے سندھ اور بلوچستان کے مچھیروں کو کھلے سمندروں میں نہ جانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے دیگر حصوں میں تین روز تک گرمی کی لہر جاری رہے گی جبکہ آئندہ ہفتے سے بالائی علاقوں میں پری مون سون بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے۔