یو بی ایل کے حکومتی حصص 38 کروڑ 70 لاکھ ڈالر میں فروخت

UBL

UBL

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر مملکت برائے نجکاری محمد زبیر نے کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے یونائیٹڈ بنک لمیٹڈ (یو بی ایل ) کے 19.8 فیصد حکومتی حصص کو 38 کروڑ 70 لاکھ ڈالر میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نجکاری کمیشن میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت نے بتایا کہ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے یو بی ایل کے 241 ملین حصص کی 158 روپے فی حصص کے حساب سے فروخت کی منظوری دے دی ہے جوکہ نجکاری بورڈ کی طرف سے بنک کی خفیہ طور پر مقرر کی گئی قیمت 155 روپے فی حصص سے 2 فیصد زیادہ ہے اور حکومت پاکستان کو 7.2 ملین ڈالر کافائدہ ہو گا۔ وزیر مملکت نے آئندہ ہونے والے نجکاری پروگرام کے بارے میں بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایر لائنز کے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری اسی ماہ کر دی جائے گی جبکہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری ری سٹر کچرنگ کی تکمیل کے بعد کی جائے گی۔

رواں ماہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) کے 5 فیصد حصص کی فروخت سے 15 ارب روپے متوقع ہیں جبکہ ستمبر میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل ) کے جی ڈی آر (GDR) کے لندن سٹاک ایکسچینج میں فروخت سے 85 ارب روپے متوقع ہیں۔