نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت میں وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر بگاڑنے پر سرکاری کالج کے 4 طلبا سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، ریاست کیرالہ کے ایک گورنمنٹ پولی ٹیکنیک کالج کے میگزین میں ایڈولف ہٹلر، جارج ڈبلیو بش اوراسامہ بن لادن کے چہروں کے ساتھ وزیراعظم مودی کی تصویر کارٹون کے طور پر شائع کی گئی تھی۔
گرفتار کئے گئے افراد پر وزیراعظم مودی کو بد نام کرنے کا الزام ہے، ان میں چار طلبا، لیکچرار اور میگزین کا ڈیزائنر شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کالج کے پرنسپل ایم این کرشنا کھٹی کو بیماری کے باعث حراست میں نہیں لیا گیا۔ ان افراد کو ریاست کے نائب صدر کی شکایت پر گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزموں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔