خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال کا بجٹ کل پیش کرے گی

Khyber Pakhtunkhwa

Khyber Pakhtunkhwa

پشاور (جیوڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت آئندہ مالی سال کابجٹ کل پیش کرے گی۔ صوبائی اسمبلی کا خصوصی اجلاس کل سہ پہر چار بجے طلب کر لیا گیا ہے۔

سینئر وزیر سراج الحق چار کھرب سے زیادہ کا صوبائی بجٹ پیش کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کی سربراہی میں خیبرپختونخوا حکومت آیندہ مالی سال 2014-2015 کا بجٹ کل چاربجے پیش کرے گی۔ اس سے قبل صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ کی منظوری دی جائے گی۔

بجٹ پیش کرنے کےلئے صوبائی اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر اور جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق تقریبا چار کھرب چار ارب روپے پر مشتمل بجٹ پیش کریں گے۔

بجٹ میں 261 ارب روپے جاری بجٹ اور ایک 139 ارب 70 کروڑ روپے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے رکھے گئے ہیں۔ ترقیاتی پروگرام میں 39 ارب 65 کروڑ روپے غیر ملکی امدادی فنڈبھی شامل ہے۔

بجٹ میں مجموعی طور پر 1251 منصوبوں پر رقوم خرچ کی جائیں گی جس میں 711 جاری اور 540 نئے منصوبے شامل ہیں آئندہ مالی سال میں تعلیم وصحت کے شعبوں کے لئے زیادہ فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ ترقیاتی پروگرام میں صحت کے لئے 10 ارب 90 کروڑ روپے سے زیادہ اور سیکنڈری و ایلیمنٹری ایجوکیشن کے لئے 19 ارب 82 کروڑ روپے سے زیادہ فنڈزمختص کئے گئے ہیں۔

آئندہ مالی سال میں پشاور ماس ٹرانزٹ، پشاور کی ترقی اور خوبصورتی کے منصوبے، موبائل اسپتالوں، اسکولوں، شاہراہوں، سڑکوں اورپلوں کی تعمیر کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔ بجٹ میں کئی شعبوں میں ٹیکسوں میں اضافے اور نئے ٹیکسوں کی تجاویز بھی شامل کی گئی ہیں۔