کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری ہے، صدر حامد کرزئی نے کابل میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔
افغان عوام صدر حامد کرزئی کی جگہ نئے صدر کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہی ہے۔ کابل سمیت ملک کے مختلف شہروں کے پولنگ سٹیشنوں میں ووٹرز کی لمبی قطاریں ہیں۔
خواتین ووٹرز بھی صدارتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لے رہی ہیں۔ افغانستان کے نئے صدر کے لیے سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے درمیان مقابلہ ہے۔
پانچ اپریل میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کوئی امیدوار پچاس فیصد ووٹ حاصل نہیں کر سکا۔ عبداللہ عبداللہ نے پینتالیس فیصد جبکہ اشرف غنی نے اکتیس اعشاریہ چھ فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔ طالبان کی دھمکیوں کی وجہ سے ملک میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔