حکومت نے مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا، حکومت نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا حکم دیا جائے۔

وفاقی حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے حکم دیا جائے اور سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا جائے۔

دو روز پہلے سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہ نواز طارق پر مشتمل بنچ نے 44 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیا تھا تاہم عدالت نے پرویز مشرف کی بیرون ملک روانگی کو وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کی جانب سے سپریم کورٹ میں اپیل سے مشروط قرار دیا تھا۔

گزشتہ روز سابق صدر مشرف کی جانب سے عدالت عالیہ کے حکم پر نظرثانی کی ایک اور درخواست بھی سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے جسے سماعت کے لئے منظور کر لیا گیا ہے۔ درخواست میں حکومت کو دیئے گئے پندرہ روز کم کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔