مارچ کیلئے ٹرین کی 300 سیٹوں کی پیشکش قبول ہے، شیخ رشید

Sheikh Rashid Ahmad

Sheikh Rashid Ahmad

راولپنڈی (جیوڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے پاکستان ریلویز راولپنڈی ڈویژن کی جانب سے 20 جون کو راولپنڈی سے چلنے والی عوامی ایکسپریس میں 300 سیٹوں کی پیشکیش قبول کر تے ہوئے کہاہے کہ پشاور سے لاہور تک مختلف شہروں سے ٹرین مارچ کے شرکا کی ٹکٹیں حاصل کی جارہی ہیں۔

راولپنڈی میں لال حویلی کے باہر معززین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے نے کہا کہ پرامن ٹرین مارچ کے شروع سے اختتام تک کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی توپیدا ہونیوالی صورتحال کی ذمہ دار حکومت ہو گی، پاکستان ریلوے کسی کی ذاتی ملکیت نہیں، ٹرین مارچ کرنا ہمارا جمہوری حق ہے۔

ہماراپہلے دن سے یہ ہی موقف تھاکہ عوامی مسلم لیگ کاٹرین مارچ عوامی ایکسپریس کے ذریعے ہی ہو گا، عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کومنی ٹرین مارچ کہنے والے اتنے خوفزدہ ہیں کہ روز خود کیے گئے فیصلے بدل رہے ہیں، شیخ رشیدنے کہا کہ بجلی، گیس بحران، امن امان کی بگڑی ہوئی صورتحال، جمہوریت کے نام پر عوام دشمن پالسیوں کیخلاف 20 جون کا ٹرین مارچ کسی صورت نہیں رکے گا۔

وزیر ریلوے سستی شہرت کیلئے بیان دے رہے ہیں کہ ہمارا ٹرین مارچ منی ٹرین مارچ ہو گا، انھوں نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ کے ٹرین مارچ کا پہلا پڑاؤ لاہور ہو گا، ٹرین مارچ کے دوسرے مرحلہ کااعلان 25 جون کو کیا جائیگا۔ ادھر سعدرفیق کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشیدنے کہاکہ چین کے انجنوں کا کمیشن کھانے والے ہیجڑے کس منہ سے جمہوریت کی بات کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہا تھا کہ شیخ رشید طاہر القادری اور عمران خان آمریت کادودھ پینے والے بلے ہیں، ان کو اب آمریت کا دودھ میسر نہیں ہو گا، خواجہ سعدرفیق کے اس بیان پر شیخ رشید نے کہا کہ یہی چیخنے چلانے والی بلیاں ہیں جوبلوں کو مجبور کر رہی ہیں لیکن یہ جلداپنے سائز میں آجائیں گی۔