وفاقی حکومت نے دارالحکومت کی سیکیورٹی پاک فوج کے حوالے کردی

Pakistan Army

Pakistan Army

اسلام آباد (جیوڈیسک) دارالحکومت میں سیکیورٹی خدشات کے باعث آج سے پاک فوج کے دستے تعینات کئے جائیں گے جو سیکیورٹی انتظامات سنبھالیں گے۔

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حکومت سے درخواست کی گئی تھی ملک میں امن وامان کی صورتحال مخدوش ہے اور دارالحکومت میں بھی دہشت گردوں کے حملے کا خدشہ ہے اس لئے امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے اسلام آباد میں فوج تعینات کی جائے۔

جس کے بعد وفاقی حکومت نے دارالحکومت میں فوج کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے اور آج سے پاک فوج کی رسپانس فورس کے 250 جوان سیکیورٹی کے انتظامات سنبھالیں گے جبکہ پہلے سے تعینات رینجرز اہلکار مارگلہ کی پہاڑیوں اور مضافاتی علاقوں میں گشت کریں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ضلعی انتظامیہ اور وفاقی پولیس نے مل کر یہ فیصلہ کیا تھا کہ دارالحکومت میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے رینجرز پولیس کی مدد کرے گی اور پولیس و رینجرز اہلکار مل کر علاقوں کا گشت کریں گے تاہم انتظامیہ کا یہ عمل ناکافی ثابت ہوا۔