دہشت گرد اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ دہشت گردہ مارے ملک کی جڑیں کھوکھلی کررہے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کا صفایا کیا جائے۔ دہشت گرد اور پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

اگر دہشت گردرہیں گے تو خاکم بدہن پاکستان نہیں رہے گااور پاکستان رہے گا تو دہشت گردوں کاخاتمہ کرناہوگا۔ لندن میں ایم کیوایم یوکے کے زیراہتمام اے پی ایم ایس او کے 36 ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئےالطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم ہرقسم کی دہشت گردی اور تشدد کے خلاف ہے اور ایم کیوایم نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں امن چاہتی ہے۔

دنیا بھر کے دہشت گرد ہمارے قبائلی علاقوں اور شہروں میں آن بسے ہیں جو ہمارے ملک کی جڑیں کھو کھلی کررہے ہیں اگر ان دہشت گردوں کا پورے ملک پر قبضہ ہوگیاتو جگہ جگہ انسانوں کو ذبح کیاجائیگااور عورتوں کوگھروں میں بند کر دیاجائیگا۔ قائد ایم کیو ایم نے مزید کہا کہ ملک اور بیرون ملک آباد تمام امن پسند پاکستانی اپنے فرض کو پہچانتے ہوئے پاکستان کو بچائیں۔ ایم کیو ایم کسی بھی مذہب، عقیدے یامسلک کے خلاف نہیں ہے۔

ان کی جماعت مذہبی جنونیت اور مذہب ومسلک کے نام پر ایک دوسرے کو کافر قرار دینے اور معصوم لوگوں کے قتل کے خلاف ہے۔ ملک کے تمام امن پسند عوام کو مذہبی جنونیت کے خاتمے اور مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے اتحاد کامظاہرہ کرنا ہوگا۔