کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کی جانب سے ایم پی بلوچستان اسمبلی ہینڈری مسیح کے قتل پر 3 روزہ سوگ کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کے چیئر مین نعیم کھو کھر نے بلوچستان کے مسیحی رکن اسمبلی ہینڈری مسیح کے سرکاری گارڈ کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت کی نااہلی قرار دیا ہے اپنے احتجاجی بیان میں نعیم کھو کھر نے مزید کہاکہ پیپلز پارٹی کے سابقہ دور سے لیکر تاحال مسیحی عوام کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حکومت کی مبینہ غفلت اور ناقص داخلی پالیسی کے باعث بڑھتی ہوئی مذہبی انتہا پسندی کا نتیجہ ہے انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت مسیحی عوام نے بھی نے بہا قربانیاں دی تھیں اور قیام پاکستان کے وقت نامساعد حالات میں قائد اعظم کے ہایھ مضبوط کئے تھے۔

نعیم کھو کھر نے تمام طبقات سے اپیل کی کہ وہ ملک سے مذہبی انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خاتمے اور مسیحی عوام کے تحفظ کے لئے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر لائحہ عمل طے کریں نعیم کھو کھر نے کرسچن ڈیموکریٹک یونین آف پاکستان کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے رکن ہینڈری مسیح کے قتل کے خلاف ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے اور مسیحی عوام سمیت پاکستانی عوام کو دہشت گردوں سے محفوظ بنا نے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔