آئندہ دو روز تک بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی

Heat

Heat

اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے میدانی علاقوں میں گرمی اپنا جوبن دکھا رہی ہے اور آئندہ چند روز تک گرمی کی شدت میں کمی کا بھی کوئی امکان نہیں ہے ۔ملک کے اکثر میدانی ا ور بالائی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے اور یہ لہر جنوبی علاقوں کے بعد اب بالائی علاقوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے۔

آئندہ دو روز تک بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑے گی۔ سندھ میں حیدرآباد ، سکھر، بدین، ٹنڈو محمد خان اور گردونواح میں گرمی کی شدت تاحال برقرار ہونے کے باعث برف سمیت ٹھنڈے مشروبات مثلاً لسی، گولے گنڈے اور شربت کی مانگ بھی بڑھ گئی ہے جبکہ گرمی سے بچنے کے لئے لڑکے نہر پر نہا کر گرمی کو دور بھاگا رہے ہیں۔

بلوچستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہاہے۔ صبح سے ہی سورج آگ برسانا شروع کردیتا ہے۔ پنجاب میں ملتان، بہاولپور، فیصل آباد سمیت کئی شہروں میں حبس کی وجہ سے شہریوں کا برا حال ہوتا ہے ، خیبرپختونخوا میں بھی گرمی بڑھ گئی ہے۔ ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق دو روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی پڑنے اور درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔