اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے تمام سیاسی رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور ہمارا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد یا تو ہتھیار پھینکیں گے یا انہیں شکست فاش ہو گی۔
ہمیں اب ہر صورت اپنے باوردی خواتین اور مردوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہو گا۔ پاکستانی قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنے ان دشمنوں سے جو ان کے طرز زندگی کو متاثر کر رہے ہیں سے سختی سے نمٹیں گے۔
اتوار کو ا پنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ سے دہشتگردوں کا نیٹ ورک پوری ریاستی قوت کے ساتھ کچل دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگرد جانتے ہیں کہ پاکستان کے عوام امن سے محبت کرنے والے بردبار اور اپنے طرز زندگی کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت ہونے کے ناطے ہم نے ان دہشتگردوں کے خلاف مذاکرات کا آپشن اختیارکیا تاہم انہوں نے اس دوران ہما رے لوگوں کا قتل عام جاری رکھا اب یا تو یہ دہشتگرد ہتھیار پھینکیں گے یا انہیں شکست ہو گی۔ خیال رہے کہ یہ بیان ایک ایک موقع پر سامنے آیا ہے جب آئی ایس پی آر نے شمالی وزیرستان میں باقاعدہ فوجی آپریشن کا اعلان کیا ہے۔