کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کی حمایت میں متفقہ طور پر قرار داد منظور کر لی گئی۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں ہوا۔ ایم کیو ایم کی رکن ارم فاروق نے پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کی حمایت میں قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظو رکر لیا گیا۔
قرار داد میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان نے دشت گردوں سے مذاکرات کی ہر ممکن کوشش اس کے باوجود دہشت گردوں نے اپنی مذموم کارروائیاں جاری رکھیں۔ اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ طالبان لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبےکی تمام اہم تنصیبات پر پولیس اور رینجرز کو ہائی الرٹ کردیا ہے ۔قائد حزب اختلاف فنکشنل لیگ کے شہریار مہر کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن وقت کی نہایت اہم ضرورت تھی۔ اس مو قع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے حفیظ الدین کا کہنا تھا کہ حکومت آپریشن کے معا ملے پر کنفوژن کا شکار ہے۔
ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ پاک فوج دنیا کی بہترین افواج میں سے ایک ہے۔ یقین ہے کہ آپریشن کامیاب ہو گا۔ اجلاس میں اپوزیشن سمیت تمام جماعتوں نے آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیئے اپنی بھر پور حمایت کا ا علان کیا۔ بعد میں اجلاس منگل کی صبح تک کیلئے ملتوی ہو گیا۔