دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہی واحد راستہ تھا: رانا ثناء اللہ

Rana Sanaullah

Rana Sanaullah

لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ طالبان سے مذاکرات ناکام نہیں رہے بلکہ کچھ لوگوں نے آئین اور قانون کو مان کر خود کو دہشت گردوں سے الگ کیا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ جو دہشت گرد پاکستان کو نقصان پہنچا رہے تھے عسکری اور سول اداروں پر حملے کر رہے تھے، قیمتی جانوں کا ضیاع کرنے والے ایسے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ہی واحد راستہ تھا۔ اب آخری دہشت گرد مارے جانے تک کارروائی جاری رہے گی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور کور کمانڈر لاہور کی ملاقات میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں ممکنہ طور پر جہاں دہشت گردی ہو سکتی ہے وہاں سول فورسز کے ساتھ ساتھ کور کے طور پر پاک فوج اور رینجرز بھی موجود رہیں گے۔

پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے گا تاکہ دہشت گرد اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہ ہو سکیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ شروع ہو چکی ہے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پہلے سے ہی جنگ جاری ہے۔ اس لئے تمام سیاسی اور سماجی قوتیں متحد ہو کر حکومت اور پاک فوج کا ساتھ دیں۔