لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا ہے کہ حکومت کو آپریشن سے قبل سیاسی جماعتوں اور خاص طور پر خیبر پختونخواہ حکومت کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ اگر مذاکرات ناکام ہوئے ہیں تو حکومت اس کی وجہ بتائے۔
منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کی مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ 2004ء سے کے پی کے اور قبائلی علاقوں کے کسی نہ کسی حصے میں آپریشن جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان آپریشن کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ تربیت گاہ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کو مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہیے۔
اس سلسلے میں قبائلی عمائدین کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جانا چاہیے تھا۔ جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن ظالموں کے لئے یوم الحساب اور یوم حشر ثابت ہو گا۔