عراق کی عسکریت پسند تنظیم داعش کے 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا، ہسپانوی وزارت داخلہ

Iraq

Iraq

میڈرڈ (جیوڈیسک) اسپین پولیس نے دعوی کیا ہے کہ ملک کے مخلتف علاقوں میں کارروائی کے دوران 8 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن کا تعلق عراق کی عسکریت پسند گروہ تنظیم دولت اسلامی عراق و شام (داعش) سے ہے۔

اسپین کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ گوانتاناموبے جیل سے رہائی پانے والا قیدی جسے 2001 میں افغانستان سے گرفتار کیا گیا تھا اس کی قیادت میں ایک ایسا گروپ کام کررہا تھا جو لوگوں کو ٹریننگ دے کر عراق، لیبیا اور مراکش بھیجا کرتے تھے۔

وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں کی گرفتاری کے لیے اسپین کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے گئے جس کے دوران 8 افراد گرفتار کر لیے گئے تاہم گوانتا ناموبے جیل سے رہائی پانے والی قیدی کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی اورنہ ہی یہ بتایا گیا کہ اس کا تعلق کس ملک سے ہے۔

واضح رہے کہ اسپین کا گذشتہ 3ماہ میں یہ تیسرا بڑا آپریشن ہے جو انہوں نے مشتبہ شدت پسندوں کے خلاف کیا،اس سے قبل 30 مئی کو ہسپانوی سیکورٹی فورسز نے میلیلا کے علاقے میں چھاپ مار کر 6 افراد کو گرفتار کیا تھا جبکہ مارچ میں بھی ایک کارروائی کے دوران 7 مشتبہ شدت پسندوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا تھا۔