عوامی تحریک کے کارکنوں کا متعدد شہروں میں احتجاج، میٹرو بس ، ایکسپریس وے بلاک

Protests

Protests

راولپنڈی (جیوڈیسک) ڈاکٹر طاہر القادری کے گھر سے بیریئر ہٹانے کی کوشش کے خلاف عوامی تحریک کا کئی شہروں میں احتجاج جاری ہے ، لاہور میں دو مقامات پر میٹرو بس سروس جبکہ راولپنڈی میں ایکسپریس وے کو بلاک کر دیا گیا۔

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور کے دیگر مقامات پر بھی کارکن سڑکوں پر نکل آئے۔ راوی ٹال پلازہ اور چونگی امرسدھو میں احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

مظاہرین نے دونوں مقامات پر میٹروبس سروس بھی بلاک کر دی ، پولیس کی بھاری نفری بھی پہنچ گئی ادھر راولپنڈی کے علاقے فیض آباد میں بھی کارکن جمع ہوگئے ، مظاہرین نے دھرنا دے کر راولپنڈی اسلام آباد ایکسپریس وے بلاک کر دی۔ مظاہرے میں خواتین کی بڑی تعداد شامل ہے ، ایکسپریس وے بند ہونے کے باعث لاہور جانے والی ٹریفک بھی معطل ہوگئی۔

فیصل آباد میں کارکن ضلع کونسل چوک میں جمع ہونا شروع ہو گئے ، مظاہرین نے ملت چوک اور نڑ والا روڈ بلاک کر دی ۔ بہاولپور میں بہاولپور پریس کلب کے باہر کارکنوں نے دھرنا دے کر ٹریفک بلاک کر دی۔ لیہ میں عوامی تحریک کے کارکن سڑک پر آ گئے اور انہوں نے ملتان میانوالی روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔

بھکر میں بھی اپنے قائد کی حمایت میں عوامی تحریک کے کارکنوں نے دھرنا دے کر جھنگ روڈ بلاک کر دی ، واں بھچراں میں بھی کارکنوں نے احتجاج کیا ، مظاہرین نے میانوالی راولپنڈی روڈ بند کر دی۔ لاہور ماڈل ٹائون میں‌ پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں میں جھڑپ ہوئی جس کے دوران اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے. پولیس نے متعدد افراد کو حراست میں‌لے لیا