اسلام آباد (جیوڈیسک) ایک بین الاقوامی سروے کے مطابق امریکا، چین اور دیگر ممالک کے مقابلہ میں پاکستانی کہیں زیادہ محب وطن ہیں اور 88 فیصد پاکستانی ہر وقت ملک کے لیے جان دینے کو تیار رہتے ہیں۔
گیلپ کے حالیہ بین الاقوامی سروے کے مطابق 88 فیصد پاکستانی ہر وقت کے لئے جان دینے کو تیار رہتے ہیں جب کہ اس کے مقابلے میں چینی 74 فیصد، امریکی 58 فیصد اور چلی کے صرف 47 فیصد شہری جنگ کی صورت میں ملک کی خاطر ہتھیار اٹھانے پر تیار نکلے۔
گیلپ کی جانب سے پاکستان سمیت امریکا، چین اور چلی کے ممالک میں حب الوطنی اور ملک کی خاطر جان دینے کے جذبے کو چیک کرنے کیلیے سروے منعقد کیا گیا جس کے دوران پاکستان میں مہنگائی، غربت، بے روزگاری، افراتفری، دہشت گردی، بجلی اور لوڈشیڈنگ کے باوجود ملک کی خاطر جان دینے کی بات کی گئی تو سب سے زیادہ پاکستانی اس کیلیے تیار نظر آئے۔
گیلپ سروے کے مطابق 88 فیصد پاکستانیوں نے ملک کی خاطر جان دینے کی حامی بھرلی، 10 فیصد نے انکار جب کہ 2 فیصد نے کوئی جواب نہیں دیا۔ چین میں 74 فیصد نے ہاں، 20 فیصد نے انکار جب کہ 6 فیصد نے جواب نہیں دیا۔
اسی طرح امریکا کے 50 فیصد شہریوں نے ہاں میں جواب دیا، 41 فیصد نے کہا نہیں جب کہ ایک فیصد نے جواب دینے سے انکار کر دیا۔ چلی کے شہریوں نے اس حوالے سے مایوس کن ردعمل کا اظہار کیا جس میں 41فیصد نے ہاں میں جواب دیا۔