ٹڈاپ اسکینڈل؛ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی 12 مقدمات میں ضمانت منظور

Yousuf Raza Gilani

Yousuf Raza Gilani

کراچی (جیوڈیسک) عدالت نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ٹڈاپ اسکینڈل میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے 12 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی ہے۔

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ٹداپ اسکینڈل میں کراچی کی انیٹی کرپشن کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کے وکلاء نے 12 مقدمات میں ان کی ضمانت کی درخواست دیتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم پر تمام مقدمات جھوٹ کی بنیاد پر قائم کئے گئے ہیں۔ عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کے ذاتی مچلکوں پر ان کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی ہے۔

اس موقع پر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں پر مقدمات کوئی نئی بات نہیں ہے، ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بے نظیر بھٹو، آصف علی زرداری، راجہ پرویز اشرف اور امین فہیم پر بھی مقدمات قائم کئے گئے لیکن پیپلز پارٹی کے سب رہنماؤں پر لگائے گئے الزامات جھوٹ ثابت ہوئے اور مجھ پر لگائے جانے والے تمام الزامات بھی بے بنیاد ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے 5 سالہ دور حکومت میں ایک بھی سیاست دان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا لیکن مسلم لیگ ن کی حکومت میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن، قادر پٹیل، راشد ربانی، فاروق ایچ نائیک کے ساتھ ساتھ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

واضح رہے کہ اینٹی کرپشن کورٹ نے 29 مئی کو ٹڈاپ اسکینڈل میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے متعدد مقدمات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔