پاکستان سعودی عرب کو قربانی کے جانور برآمد کرے: ماہرین

Livestock

Livestock

فیصل آباد (جیوڈیسک) سعودی عرب آسٹریلیا، یمن اور صومالیہ سے مہنگے داموں جانور درآمد کرتا ہے لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے ماہرین نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیری فارمنگ اور لائیو سٹاک سیکٹر کی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں جن سے استفادہ کرتے ہوئے بہترین جانور پالے جا سکتے ہیں، حج کے دنوں میں سعودی عرب کو قربانی کے جانور برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ بھی کمایا جا سکتا ہے۔

سعودی عرب حج کے ایام میں آسٹریلیا، یمن، صومالیہ اور دیگر ممالک سے انتہائی مہنگے داموں قربانی کے حلال جانور درآمد کرتا ہے جبکہ پاکستان سے سعودی عرب قربانی کے جانوروں کی درآمد سعودی حکومت کو انتہائی سستی پڑتی ہے۔ پاکستان کی لائیو سٹاک مارکیٹ میں تھوڑی سی بہتر منصوبہ بندی کے ذریعے ملک کے مویشی پال کسانوں کی غربت کے خاتمہ کا اہتما م کیا جا سکتا ہے۔

پاکستان دنیا میں دودھ پیدا کرنے والا چوتھا بڑا ملک ہے لیکن ویلیو ایڈیشن نہ ہونے کی وجہ سے اس بھر پور پیداوار کو منافع بخش سرمایہ کاری میں منتقل کرنے اور اس کے معاشی ثمرات لائیو سٹاک فارمرز تک پہنچانے میں مکمل کامیابی نہیں ہو سکی۔ ماہرین نے ویلیو ایڈیشن کے ساتھ ساتھ جانوروں کی صحت اور خوراک کے مسائل کے حل کیلئے بھی نئی جدتیں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اور کہا کہ پاکستان کے لائیوسٹاک سیکٹر میں بہت زیادہ پوٹینشل ہے۔