لاہور (جیوڈیسک) لاہور ائر پورٹ پر ملک اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو لوٹنے والے تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا۔
انویسٹی گیشن پولیس شاہدرہ کے مطابق تینوں اہلکار محمد عدیل، کلیم ارشاد اور علی اکبر لاہور ائر پورٹ پر اندرون اور بیرون ملک سے آنے والے مسافروں سے گھر واپس جاتے ہوئے چیکنگ کی آڑ میں مختلف جگہوں پر روک کر ان سے ملکی اور غیر ملکی کرنسی اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لیتے تھے۔
ملزموں نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے بعد مل کر یہ وارداتیں کرتے تھے۔ ملزموں نے ابتدائی تفتیش میں 17 سے زائد شہریوں کو لوٹنے کا انکشاف کیا ہے۔ ان کے قبضے سے پولیس یونیفارم، موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔