ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری کا رورل ہیلتھ سینٹر مصطفی آباد کا اچانک دورہ

مصطفی آباد/للیانی: ڈی سی او قصور سید جاوید اقبال بخاری کا رورل ہیلتھ سینٹر مصطفی آباد کا اچانک دورہ، رورل ہیلتھ سنٹر ڈسٹرکٹ قصور کا مثالی ہسپتال ہے، غیر حاضر میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کو فوری طور پر معطل کرنیکا حکم ۔ تفصیلات کیمطابق گزشتہ روز ڈی سی او سید جاوید اقبال بخاری نے رورل ہیلتھ سینٹر مصطفی آباد کا اچانک دورہ کیا ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر قصور محمد شاہ رخ نیازی بھی تھے۔

ڈی سی او قصورنے تمام میڈیکل اور پیرا میڈیکل سٹاف کی حاضری کو چیک کیا اور ہسپتال انچارج ڈاکٹر ثمرہ خرم کو ہدایت کی کہ غیر حاضر سٹاف کی رپورٹ کریں اور انہیں فوری طور پر معطل کیا جائے ۔ انہوں نے مریضوں اور انکے لواحقین سے ہسپتال میں دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور سٹور میں میڈیسن کے سٹاک کو چیک کیا اور ہدایت کی کہ حکومت کی طرف سے دی جانیوالی تمام فری ادویات کے ڈبوں پر محکمہ صحت کی مہریںلازمی طور پر ثبت ہوں تا کہ ادویات کی بازاروں میں فروخت نہ ہو سکے۔

ہسپتال انچارج کو ہدایت کی کہ تمام ادویات کی لسٹ ڈسپنری کے باہر آویزاں کی جائے ۔ ڈی سی او نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ہسپتال میں مزید بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں اور عوام کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں ۔اس موقع پر ہسپتال انچارج ڈاکٹر ثمرہ خرم نے ڈی سی او قصور سے اپیل کی کہ دیگر رورل ہیلتھ سینٹروں کی نسبت یہاں مریضوں کا رش زیادہ ہوتا ہے اور اس ہسپتال کو فنڈز زیادہ دیئے جائیں جس پر ڈی سی او نے مصطفی آباد رورل ہیلتھ سینٹر کا فنڈز بڑھانے کی یقین دہانی بھی کرائی ۔اور پارکنگ بنانے کی تلقین کی۔

Syed Javed Iqbal, Rural Health Center

Syed Javed Iqbal, Rural Health Center