جب تحریک میں خون شامل ہو جائے تو حکمران نہیں ٹھہر سکتے: پرویز الہی

 Pervez Elahi

Pervez Elahi

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری پرویز الہی نے ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے کے ڈاکٹر حسن محی الدین کے ہمراہ کے ساتھ پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا ماڈل ٹاؤن میں صبح سے جنگ کا سماں تھا اور کھڑکیوں پر بھی گولیوں کے نشان دیکھے ہیں۔ حکمران نے کیا کیا، سمجھ سے باہر ہے۔ پرویز الہی نے شہباز شریف کو پنجاب کا نریندر مودی قرار دیتے ہوئے کہا ظلم کی انتہا کر دی گئی۔ پرویز الہی نے کہا جب تحریک میں خون شامل ہو جائے تو پھر حکمران ٹہر نہیں سکتے کیونکہ اب تحریک میں نہتے شہریوں کا خون شامل ہو چکا ہے۔

چودھری پرویز الہی نے کہا ایسے حکمرانوں کو نکالنے کیلئے سب کو تحریک میں شامل ہونا ہو گا، شمالی وزیرستان آپریشن کی حمایت کرنے والوں سے یہ بدلہ لیا جا رہا ہے، طاہر القادری کیساتھ ہیں اور شانہ بشانہ چلیں گے۔ حکمرانوں سے انصاف نہیں چاہیں شہیدوں کا خون خود رنگ لائے گا۔ انہوں نے کہا وزیر اعلی کے ہوتے ہوئے انکوائری کون کرے گا، شہباز شریف کی کسی بات پر اعتبار نہیں ہے، جوڈیشل انکوائری کی باتیں سب جھوٹی ہیں۔ ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا آج بدترین ریاستی دہشت گردی کی مثال دیکھی ہے لیکن کارکنوں نے عظیم کارکن ہونے کا ثبوت دیا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین نے کہا یہ حکمرانوں کی شکست کا پہلا باب ہے، عوامی اور جمہوری انقلاب کو اب کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ ایک طرف گولیوں کی برسات تو دوسری طرف سینے پر گولیاں کھائی گئیں۔ تحریک منہاج القران میں کوئی غیر قانونی اسلحہ نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا میڈیا کی فوٹج تمام ثبوت ہیں میڈیا کی آنکھ نے سب کچھ دیکھا، کمیشن تو بنتے رہتے ہیں۔