سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی، آئی جی پنجاب

Mushtaq Sukhera

Mushtaq Sukhera

لاہور (جیوڈیسک) آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جوڈیشل انکوائری کا انتظار کئے بغیر پولیس کے اعلیٰ حکام پر مشتمل انکوائری کمیٹی قائم کردی اور واقعے میں کسی اہلکار کی بھی غفلت ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوام کی طرح ہم بھی اسی طرح غمزدہ ہیں اور واقعے میں کوئی بھی کوئی بھی پولیس اہلکار غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں عوامی تحریک کے سربراہ کے گھر کے باہر سے تجاوزات ہٹانے کے لئے ممکنہ خدشہ کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے پولیس سے مدد طلب کی تھی تاہم پولیس اور مظاہرین میں تصادم افسوسناک ہے۔

آئی جی پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تحقیقات کے لئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو شفاف تحقیقات کے بعد واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی جبکہ پولیس کی کوتاہی سےمتعلق جوڈیشل انکوائری کےلیےخود کو پیش کرتے ہیں۔

دوسری جانب سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق گجر کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں کبھی اس طرح کی مزاحمت کا سامنا نہیں ہوا، مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پیٹرول بم پھینکے گئے تاہم واقعے سے قبل پولیس صبر کرتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی ہلاکت پر پولیس کو بھی دکھ ہے جس کا ازالہ ممکن نہیں۔