غداری کیس میں سیکرٹری داخلہ کی شہادت قلمبند ،ای سی ایل پر جلد سماعت کی درخواست مسترد

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے ‏‫پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیخلاف اپیل کی جلد سماعت کیلئے حکومتی درخواست مسترد کر دی ہے ، ادھر خصوصی عدالت میں مشرف کیخلاف غداری کیس میں سیکریٹری داخلہ نے شہادت قلمبند کرا دی۔

سندھ ہائیکورٹ نے پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کر لی تھی جس کے خلاف وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی اور اس کی جلد سماعت کے لیے درخواست دی تاہم سپریم کورٹ نے یہ درخواست مسترد کر دی۔

اس حوالے سے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے رجسٹرار آفس کو ہدایت جاری کر دی۔ دوسری جانب خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کر دی گئی۔

جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی ۔ سیکرٹری داخلہ شاہد خان بطور شکایت کنندہ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی شہادت قلمبند کرا دی۔

سیکرٹری داخلہ نے عدالت سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصل دستاویزات پیش کرنے سے قاصر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سیکرٹریٹ کی ہدایت پر سابق صدر کیخلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

تحقیقات کی روشنی میں پرویز مشرف پر پانچ الزامات عائد کیے ہیں جن میں ملک میں ایمرجنسی اور پی سی او کا نفاذ ، پی سی او کے تحت ججوں سے حلف لینے اور آئین میں دو بار ترامیم کے الزامات شامل ہیں۔ آئندہ سماعت پر مشرف کے وکیل سیکرٹری داخلہ پر جرح کریں گے