لاہور (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی رہنمارکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف لاہور میں گزشتہ روز نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو گئیں، شیخ زید ہسپتال میں دو طویل کامیاب آپریشن کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف گزشتہ روز اپنی بیٹی کے ہمراہ اقبال ٹاؤن لاہور میں جا رہی تھیں کہ دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے انہیں فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ طاہرہ آصف کو زخمی حالت میں فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق طاہرہ آصف کو چار گولیاں لگیں۔
خون زیادہ بہہ جانے کے باعث انہیں خون کی اٹھائیس بوتلیں لگائی گئیں۔ طویل آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے جسم سے گولیاں نکال کر آئی سی یو میں منتقل کر دیا تاہم خون رسنے کے باعث دوبارہ آپریشن کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔