لاٹھی اور گولی کی سرکار نہیں چل سکتی: جماعت اسلامی

 Jamaat-e-Islami

Jamaat-e-Islami

لاہور (جیوڈیسک) پارلیمانی لیڈرو امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیراحمد جنجوعہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کاجابرانہ رویہ ان کے لئے مشکلات کا باعث بنے گا۔لاہور میں پولیس گردی کی بدترین مثال دنیا کو دکھائی گئی۔ واقعہ کی عدالتی تحقیقات کراتے ہوئے ذمہ داران کوکیفرکردار تک پہنچایاجاناچاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی شہادت پر پوری قوم سوگوار ہے۔ لاٹھی اور گولی کی سرکار زیادہ دیرتک نہیں چل سکتی۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن حکمرانوں کی کارکردگی پر سیاہ دھبہ ہے۔ دوسری طرف امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے ایک بیا ن میں کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ ایسے کئی واقعات سے بھری پڑی ہے کہ طاقتور یہ سمجھتا رہا کہ وہ ہمیشہ طاقت کا سر چشمہ رہے گا جبکہ مکافا ت عمل بڑا مختلف رہا ہے، اﷲ کی لاٹھی بڑی بے آواز ہوا کرتی ہے۔

تاریخ پاکستان میں بنگالی زبان کی تحریک، ختم نبوت تحریک، طلبہ تحریک، ایوب مخالف تحریک، پاکستان قومی اتحاد تحریک، بحالی جمہوریت تحریک، بھارتی وزیراعظم واجپائی کے دورہ لاہور کے موقع پر اور ماضی میں ایسے بے شمار واقعات رونما ہوئے جب عوامی جلسے جلوس کرنے کی پاداش میں پر امن جدوجہد کرنے والے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور فائرنگ کر کے ان کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی۔