متحدہ کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف زندگی کی بازی ہار گئیں

 Tahira Asif

Tahira Asif

لاہور (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کے رہنماوں نے ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ افسوس ناک اعلان کیا کہ متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف اپنے خالق حقیقی سے جا ملی ہیں۔

یاد رہے کہ بدھ کو نا معلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی طاہرہ آصف کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا تھا، جہاں پر آپریشن کر کے دونوں گولیاں نکال دی گئی تھیں، جس کے بعد ان کا ایک اور آپریشن بھی کیا گیا تھا، اور مسلسل انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا۔ تا ہم بہت زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ جمعہ کی رات زندگی کی بازی ہار گئیں۔

اس سے قبل متحدہ کے رہنماوں نے قوم سے ان کی صحت اور زندگی کی دعائیں کرنے کی اپیل کی تھی۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنماوں کے علاوہ جماعت کے کئی کارکن بھی موجود تھے، جنہوں نے پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی،اور قاتلوں کو پکڑ کر کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

طاہرہ آصف نے اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز 1987 میں کیا تھا،اور 2002 میں بلدیاتی الیکشن میں ناظم کا الیکشن بھی لڑا تھا۔ انہوں نے سوگواروں میں دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔