بیرون ملک اثاثہ جات، جواب داخل نہ کرانیوالے سیاستدانوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک اثاثہ جات کیس میں جواب داخل نہ کرانے والے سیاستدانوں کے خلاف یک طرفہ کارروائی کا فیصلہ کر لیا، سماعت کے دوران عاصمہ جہانگیر اور درخواست گزار بیرسٹر اقبال جعفری کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

لاہور ہائیکورٹ میں بیرون ملک اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس خالد محمود خان نے کی۔ عمران خان، شاہ محمود قریشی، اعتزاز احسن اور عاصمہ جہانگیر کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔

عاصمہ جہانگیر نے عدالت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا عدالتی نوٹس سے ہماری بے عزتی ہوئی۔ ہمیں صرف ایک نوٹس ملا اس کے بعد آپ نے اشتہار جاری کروا دیا۔

عاصمہ جہانگیر نے کہا یہ مزنگ چونگی نہیں جہاں ہماری پگڑیاں اچھالی جا رہی ہیں جس پر جسٹس خالد محمود خان نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو پٹیشن پر اعتراض ہے تو تحریری جواب داخل کریں۔ دوران سماعت درخواست گزار بیرسٹر اقبال جعفری اور عاصمہ جہانگیر کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

عاصمہ جہانگیر نے کہا عدالت میں یہ پٹیشن قابل سماعت ہی نہیں تاہم عدالت نے جواب داخل نہ کروانے والے تمام سیاستدانوں کے خلاف یک طرفہ کار روائی کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی سماعت سترہ ستمبر تک ملتوی کر دی۔

واضح‌ رہے عدالت نے نوازشریف, شہباز شریف, عمران خان سمیت 26 سیاستدانوں‌ کو بیرون ملک اثاثہ جات پر جواب داخل کرانے کا حکم دیا تھا.