اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم کام کرنے آئے ہیں ہماری ٹانگیں نہ کھینچی جائیں، ہمیں ٹک کر کام کرنے دیا جائے تو 5 سالوں میں پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔ انہوں نے سوال کیا کہ احتجاج کس لیے کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں لیپ ٹاپ سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لئے جدوجہد کر کے ایک پرامن ملک بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ہم چاہتے ہیں پاکستان سے غیر قانونی اسلحے کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے اور اس پر عمل درآمد کے لئے سخت قوانین لائے جائیں تاکہ بھتہ خوری، ڈکیتیاں، قتل و غارت اور چوری چکاری بند ہو جس کے بعد لاقانونیت پر بھی قابو پالیں گے۔
اس کے لئے سب پارٹیوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 65 برسوں میں بڑے دکھ اٹھائے ہیں لیکن اگر 5 سال ٹک کر کام کرنے دیا جائے تو اللہ تعالی پاکستان کی تقدیر بدل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بچھلے 5 سال بڑی بردباری کے سا تھ گزارے اور صبر کا مظاہرہ کیا، اس دوران نہ ہم سڑکوں پر آئے اور نہ ہی حکومت کے خلاف دھرنے دیئے لیکن اب ایک پارٹی احتجاج، دوسری دھرنے اور تیسری نظام لپیٹنے اور تباہی کی بات کرتی ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ سب کس لئے کیا جا رہا ہے، حکومت جو کر رہی ہے کیا درست نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے غریب بچوں کی فیس ادا کی جا رہی ہے اور نوجوانوں کو قرضہ فراہم کرنے کا جو سفر شروع کیا وہ بھی بالکل درست چل رہا ہے، بچوں کی فیس واپسی کے ساتھ ساتھ لیپ ٹاپ بھی دیئے جا رہے ہیں جبکہ ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے بجلی کے پلانٹ لگ رہے ہیں، اکنامک کوری ڈور بن رہا ہے، حکومت ایک سال سے اپنے منشور پر عمل کر رہی ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ دنیا کی بہترین مارکیٹس میں سے ہے جبکہ دنیا بھی اس بات کا اعتراف کر رہی ہے سرمایہ کاری کے حوالے سے پاکستان ٹاپ ممالک کی فہرست میں شامل ہے اور اب ملک سے بے روزگاری کا بھی خاتمہ شروع ہو گیا ہے جبکہ بجٹ میں عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بھی نہیں ڈالا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کو سنگاپور اور ہانگ کانگ جیسی بندر گاہ بنائیں گے لیکن ٹانگیں نہ کھینچی جائیں بلکہ پاکستان کو آگے بڑھنے اور ترقی کی راہ پر گامزن رہنے دیا جائے۔