میران شاہ (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کی شیلنگ سے متعدد دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے، قبائلیوں کو علاقہ خالی کرنے کیلئے دی جانے والی مہلت کا آج آخری روز ہے۔
آپریشن ”ضرب عضب” کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹروں نے میران شاہ کے قریب قطب خیل میں شیلنگ کی جس میں متعدد دہشت گرد مارے گئے جبکہ اُن کے کئی ٹھکانے تباہ ہو گئے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان سے عام شہریوں کی نقل مکانی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ قبائلیوں کو علاقہ خالی کرنے کیلئے دی جانے والی مہلت کا آج آخری روز ہے۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران 70 ہزار کے قریب افراد محفوظ علاقوں کی طرف منتقل ہوئے ہیں۔
نقل مکانی کرنے والوں کی شناخت کیلئے نادرا کا تصدیقی نظام بھی نصب کیا گیا ہے۔ عسکری ذرائع کے مطابق آپریشن ضرب عضب کی تکمیل کی ڈیڈ لائن نہیں دی جا سکتی۔ دہشتگردوں کے رابطے روکنے کیلئے مواصلاتی نظام کو جام کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق افغان موبائل سموں کی روک تھام کیلئے بھی متعلقہ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔ افغانستان نے آپریشن کے دوران تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔
عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران انسانی حقوق کا بخوبی خیال رکھا جا رہا ہے۔ جوانوں کو اس حوالے سے خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے، فضائی حملے بھی نپے تلے انداز میں کیے جا رہے ہیں۔