اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو نے مظلوم اور پسماندہ طبقات کے لیے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی۔
بے نظیربھٹو کی 61 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پیپلزپارٹی کے تمام کارکنوں اور جمہوریت پسندوں کو مبار کباد پیش کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ آج ہم اپنی شہید رہنما کی سالگرہ اس وقت منا رہے ہیں۔
جب قوم نے ملک سے عسکریت پسندی کے ذہن کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، یہ جنگ بے نظیر بھٹو کا عزم تھا اور انھوں نے اس جنگ کی قیادت کی اور اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج دہشتگردی کے خلاف جنگ اسی عزم کی بازگشت ہے۔
جس کا اظہار بے نظیر بھٹو نے اپنی شہادت کے روز کیا تھا، ہماری عظیم لیڈرکا یوم پیدائش دہری خوشی کا باعث ہے کیونکہ آج ہم دہشتگردی کے خاتمے اور جمہوری نظریات کے تحفظ کا عزم کر رہے ہیں اور ایک ہمہ جہت معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جس میں قانون کی حکمرانی ہوگی، جس کے لیے شہید بینظیر بھٹو نے ساری زندگی جدوجہد کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ کبھی بھی دہشتگردوں کوان کا سیاسی ایجنڈا ملک پرطاقت کے ذریعے مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور پاکستان کو ہمہ جہت ملک بنائیں گے اور ملک کی تقدیر کا فیصلہ ووٹ کی پرچی سے ہوگا۔
نہ کہ بندوق کی گولی سے۔ شہید بینظیر بھٹو عوام کے دلوں پر راج کرتی ہیں۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت کو مستحکم، پسماندہ طبقات کے حقوق کا تحفظ اور ان تمام نظریات کی حفاظت کریں گے جن کے لیے ہمارے آبا و اجداد نے یہ ملک حاصل کیا تھا۔