روس کی پاکستان کو ایم آئی 35 ہیلی کاپٹرز دینے کی یقین دہانی

Helicopters

Helicopters

اسلام آباد (جیوڈیسک) روس نے پاکستان کو ایم آئی 35 ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کے حوالے سے اٹھائے جانیوالے بھارتی اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستانی حکام کو ان جدید ہیلی کاپٹرز کی فروخت کیلیے ہونیوالے معاہدے کی پاسداری کا یقین دلایا ہے۔

یہ یقین دہانی سفارتی ذرائع کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے جمعہ کو ماسکو میں پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز سے ہونیوالی ملاقات میں کرائی۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان میں تعینات روسی سفیر الیگزے ڈیڈ یروف نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ ان کا ملک پاکستان کو جدیدایم آئی35ہیلی کاپٹرز فروخت کریگا۔ یہ ہیلی کاپٹرز پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں بہت موثر ثابت ہو سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بھارتی حکام نے اس معاہدے کے حوالے سے پاک ، روس مذاکرات کا اعلان ہونے کے بعد روسی حکام سے رابطہ کر کے انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا تاہم روس نے ان اعتراضات کو نظرانداز کرتے ہوئے پاکستان کو ایم آئی 35 ہیلی کاپٹرز کی فراہمی کا فیصلہ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔