ورجینیا (جیوڈیسک) ایڈمز سنٹر میں نماز جمعہ کے بعد مسلمانوں سے خطاب کے دوران سینیٹر وارنر نے اس موقعے پر مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد بھی دی۔
امریکی ریاست ورجینیا میں آل ڈیلیس ایریا مسلم سوسائٹی مسلمانوں کے لیے مقامی طور پر ایک بڑا مرکز سمجھا جاتا ہے جسے ایڈمز سنٹر بھی کہا جاتا ہے اور امریکی ریاست ورجینیا کے علاقے سٹرلنگ میں واقع ہے۔
مقامی علاقوں سے مسلمانوں کی ایک بڑی آبادی یہاں آتی ہے۔ ایڈمز سنٹر نہ صرف مسلمانوں کو آپس میں ملانے اور دین کی اشاعت کے لیے کام کر رہا ہے بلکہ ایڈمز سنٹر کی کوشش ہوتی ہے کہ مسلمان کمیونٹی امریکہ کی دیگر کمیونٹیوں کے ساتھ میل جول بڑھائے تاکہ مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ ملے۔
20 جون کو ایڈمز سنٹر میں نماز جمعہ میں بھی ایسا ہی اہتمام کیا گیا اور ریاست ورجینیا کے سینیٹر مارک وارنر کو مدعو کیا گیا۔ سینیٹر وارنر کو مدعو کرنے کا مقصد انہیں مقامی کمیونٹی اور مسلمانوں کے ساتھ رابطہ بڑھانے کا موقع فراہم کرنا تھا۔
سینیٹر وارنر جمعے کے وقت مسجد پہنچے اور انہوں نے وہاں پر تھوڑی دیر کے لیے جمعے کا خطبہ بھی سنا اور اس جمعے کی نماز کے بعد مسلمانوں سے خطاب بھی کیا۔ سینیٹر وارنر کا کہنا تھا کہ انہیں خوشی ہے کہ ورجینیا میں بسنے والے مسلمان دیگر مذاہب کے ساتھ محبت و اخوت کے ساتھ رہتے ہیں اور دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔