رواں ماہ سیمنٹ کی فروخت بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی

Cement

Cement

لاہور (جیوڈیسک) رواں ماہ سیمنٹ کی فروخت مالی سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ جائے گی۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار کے مطابق جون میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 30 لاکھ ٹن سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

جو مالی سال 14-2013ء میں اب تک سیمنٹ کی سب سے زیادہ فروخت ہو گی۔ سیمنٹ انڈسٹری ماہرین کا کہنا ہے کہ وفاقی بجٹ میں ٹیکسوں میں ردوبدل کے باعث سیمنٹ کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

لیکن ابھی تک سیمنٹ کے نرخ مستحکم ہیں، کیونکہ سیمنٹ کی فروخت ابھی تک پیداواری گنجائش کے 80 فیصد کے لگ بھگ ہے ۔ ماہرین کے مطابق آنے والے مہینوں میں سیمنٹ کی مقامی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔

جس کے باعث سیمنٹ کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے کیونکہ سیمنٹ انڈسٹری پیداواری لاگت میں ہونے والے اضافے کو زیادہ دیر برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتی۔ سیمنٹ انڈسٹری ذرائع نے تشویش ظاہر کی ہے۔

کہ آگاہ کرنے کے باوجود حکومت نے ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے بجائے 50 روپے فی ٹن مزید ایکسائز ڈیوٹی عائد کر دی ہے ، جس کی وجہ سے سیمنٹ کی صنعت کی ترقی متاثر ہونے کا خطرہ ہے ۔ ماہرین کے مطابق ایکسائز ڈیوٹی کی شرح میں اضافے کے باعث سیمنٹ کی پیداواری لاگت میں اڑھائی روپے فی بوری اضافہ ہو گا۔