کیف (جیوڈیسک) یوکرائن کے صدر پیٹرو پورو شنکو نے ملک کے مشرقی علاقوں میں پائی جانے والی کشیدگی اور بحران کے خاتمے کیلئے 14 نکاتی امن منصوبہ پیش کر دیا۔
صدر پیٹرو پوروشنکو نے روس نواز مسلح باغیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہتھیار پھینک دیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ اختیارات کی مرکزیت کے خاتمے کے لئے آئینی اصلاحات لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ باغیوں پر عائد سنگین جرائم کے الزامات واپس لے لئے جائیں گے اور انہیں روس جانے کیلئے محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔
منصوبہ پیش کرنے سے قبل صدر پیٹروپوروشنکو نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلیفون پر بات کی تھی۔دریں اثنا نیٹو کے سیکرٹری جنرل اینڈرس فوگ راسموسین نے کہا ہے کہ روس نے یوکرائن کی سرحد پر نئے سرے سے بڑی تعداد میں فوجیں تعینات کرنا شروع کر دی ہیں، جو قابل افسوس اقدام ہے۔
دوسری جانب روسی وزارت دفاع نے یوکرائن کی سرحد پر نئی فوجی صف بندی پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔