اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کے قریب تھانہ شہزاد ٹاؤن پنڈوریاں میں واقع دربار میں دھماکہ ہوا جس سے 52 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت تشویشاک ہے۔ دھماکہ پیر چن بادشاہ کے دربار میں ہوا۔ پولیس کے مطابق پیر چن بادشاہ کے عرس کی تقریب جاری تھی۔ بم دربار کی دیوار کے ساتھ نصب کیا گیا تھا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں کوئی بچہ یا عورت شامل نہیں۔ علاوہ ازیں ترنول کے قریب سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے طالبان کمانڈر طیب کو گرفتار کر لیا۔ کمانڈر طیب شمالی وزیرستان سے راولپنڈی آرہا تھا۔ وہ متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ دریں اثناء حساس اداروں نے مختلف مقامات پر کارروائی کر کے کالعدم تحریک طالبان کے 2 دہشت گردوں سمیت 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
سکیورٹی حکام کے مطابق روات سے حساس ادارے نے کالعدم تحریک طالبان کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کیا جبکہ نیسکام کے باہر تصاویر بناتے ہوئے 2 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ نیول ہیڈ کوارٹر گیٹ کے سامنے ایک مشکوک شخص پکڑا گیا۔ گرفتار کئے گئے دہشت گردوں اور مشکوک افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوران اہم انکشافات کی توقع ہے۔