واشنگٹن : مختلف حادثات میں 400 سے زائد ڈرون طیارے تباہ ہوئے، رپورٹ

Drone Plane

Drone Plane

واشنگٹن (جیوڈیسک) عراق، افغانستان، یمن اور پاکستان کے قبائلی علاقوں میں حملہ آور ڈرون خود بھی مختلف حادثات کا شکار ہوتے رہتے ہیں۔ اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ایک سال کی تفتیش کے دوران ڈرون طیاروں کے حادثات کی رپورٹ جاری کی ہے۔

افغانستان اور عراق میں امریکی جنگ شروع ہونے سے اب تک تکنیکی خرابی، انسانی غلطی، خراب موسم اور دیگر وجوہات کے باعث چار سو سے زائد امریکی ڈرونز تباہ ہوئے۔ اگلے سال سے امریکا میں ڈرون طیاروں کی کمرشل پروازیں شروع ہونے جا رہی ہیں جبکہ حادثات کی دستاویزات محفوظ پروازوں کی حکومتی یقین دہانی پر سوال اٹھا رہی ہے۔

دستاویز کے مطابق متعدد ڈرون طیارے سمندر پر پرواز کے دوران غائب ہوئے۔ 2009ء میں پرواز کے دوران کنٹرول کھونے والا ایک ڈرون مار گرایا گیا۔ پینسلوانیا کے سکول پر بھی ایک ڈرون گر کر تباہ ہوا۔ افغانستان میں 66، امریکا میں 47، عراق میں 41 جبکہ پاکستان میں 6 ڈرون طیارے تباہ ہو چکے ہیں۔