پاکستان نے زمبابوے کی میزبانی سے معذرت کرلی

Pakistan, Zimbabwe

Pakistan, Zimbabwe

ہرارے (جیوڈیسک) پاکستان نے زمبابوے سے سیریز کو گھاٹے کا سودا خیال کرتے ہوئے رواں سال میزبانی سے معذرت کرلی۔ تفصیلات کے مطابق فیوچر ٹور پروگرام کے تحت رواں سال کے آخر میں پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں زمبابوے کی میزبانی کرنا تھی، سیریز کو ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ سمجھا جا رہا تھا لیکن پی سی بی نے مالی مشکلات کو جواز بناتے ہوئے کھیلنے سے معذوری ظاہر کی ہے۔

زمبابوین کوچ اینڈی والر نے تصدیق کی کہ ٹیم کی رواں سال پاکستان سے سیریز کا امکان باقی نہیں رہا، البتہ ایف ٹی پی کے تحت بنگلہ دیش کا دورہ ہوگا جس میں 3ٹیسٹ اور چند محدود اوورز کے میچ شیڈول ہیں۔ والر نے پاکستان سے سیریز کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زمبابوین کرکٹرز کو بڑی ٹیموں کیخلاف کھیلنے کا زیادہ سے زیادہ تجربہ دلانے کی بھرپور کوشش کرہے ہیں لیکن بعض ناگزیر وجوہات کی بناپر آئندہ کا شیڈول تبدیل کرنا پڑرہا ہے، اس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کئی ہفتوں تک کوئی سرگرمی میسر نہیں آئے گی، بنگلہ دیش کے خلاف سیریز اکتوبر کے بجائے دسمبر میں ہوگی۔

دوسری طرف زمبابوے کی قومی ٹیم میں مستقل جگہ بنانے کے لئے بیتاب نوجوان کرکٹرز بھی پاکستان سے سیریز نہ ہونے پر مایوس ہیں،ان کا کہنا ہے کہ سیریز میں عمدہ کارکردگی سے ان کے لئے مستقبل کے ایونٹس میں شرکت کے امکانات روشن ہوسکتے تھے لیکن اب مواقع سے محروم رہیں گے۔ یاد رہے کہ زمبابوے کو آئندہ ماہ افغانستان کی میزبانی کرنا ہے، اس کے جنوبی افریقہ سے محدود اوورز کے مقابلے بھی شیڈول ہیں۔