شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 20 ہزارسے تجاوز کرگئی

North Waziristan

North Waziristan

بنوں (جیوڈیسک) آپریشن ضرب عضب کے باعث شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے باعث شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

اب تک 4 لاکھ 23 ہزار 666 افراد اپنا گھر بار چھوڑ کر علاقے سے نکل چکے ہیں، نقل مکانی کرنے والوں میں ایک لاکھ 11 ہزار 241 مرد، ایک لاکھ 33 خواتین اور ایک لاکھ 78 ہزار بچے شامل ہیں۔

ایف ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی سے نقل مکانی کرنے والے کل خاندانوں کی تعداد 34 ہزار 625 ہے جن میں سے صرف 18 نے ہی ایف آر بنوں کے علاقے بکا خیل میں قائم پناہ گزین کیمپ میں رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاک فوج نے شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کررکھا ہے جس میں اب تک 300 سے زائد شر پسندوں کو موت کے گھاٹ اتارا جاچکا ہے جن میں درجنوں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔