سری لنکا: مسلمانوں نے احتجاج منسوخ کردیا

Sri Lanka

Sri Lanka

کولمبو (جیوڈیسک) سری لنکا کے مسلمانوں نے بدھ مت کے شدت پسندوں کے حملوں کے خلاف دی جانے والی احتجاج کی کال واپس لے لی ہے۔ مسلمانوں کی جانب سے احتجاج پولیس کی اس وارننگ کے بعد موخر کیا گیا، جس میں کہا گیا تھا کہ اس احتجاج کے نتیجے میں مزید مذہبی کشیدگی پیدا ہو سکتی ہے۔

سری لنکن مسلمانوں کی مذہبی جماعت ‘سری لنکن توحید جماعت’ (ایس ایل ٹی جے) کے مطابق انھوں نے دارالحکومت کولمبو کے سینیئر سیکورٹی پولیس انچارج سے ملاقات کے بعد دارالحکومت میں اپنے مظاہروں کو منسوخ کیا ہے۔ ایس ایل ٹی جے کے مطابق مسلمان اپنی ملازمتوں کی جگہوں پر بھی ہڑتال ختم کر رہے ہیں۔

جماعت کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ’ سینیئرڈپٹی انسپکٹر جنرل انورا سینانایک سے ملاقات کے بعد ایس ایل ٹی جے نے احتجاج کو مؤخر کردیا ہے’۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سری لنکا کے سیاحتی قصبے میں بدھ مت کے شدت پسندوں کی جانب سے ہونے والے حملوں میں چار افراد کی ہلاکت کے بعد مسلمانوں نے احتجاج کا اعلان کیا تھا۔