بھارت کا پاکستانی مصنوعات پر ڈیوٹی میں کمی پر غور

Pakistan,India

Pakistan,India

نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارت نے کہا ہے کہ وہ پاکستان سے درآمد ہونے والی اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کرنے پر غور کر رہا ہے جبکہ تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہر سطح پر کوششیں جاری ہے۔

نئی دہلی میں ‘‘عالیشان پاکستان’’ کے نام سے جاری چار روزہ نمائش میں شرکت کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کے دوران بھارتی وزارت تجارت کے جوائنٹ سیکرٹری اروند مہتا نے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لئے کئی مرحلوں پر بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند پاکستان سے درآمد ہونے والے کپڑے اور دیگر اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی صرف 5 فیصد تک گھٹانے پر غور کر رہی ہے اور اس معاملے میں کافی حد تک پیش رفت کے امکانات ہیں۔ اروند مہتا نے بتایاکہ پاکستانی تاجروں کیلئے ٹیکسٹائل اور سیاحت کے شعبے میں کافی مواقع دستیاب ہیں۔

سیکرٹری تجارت نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارت میں حائل رکاوٹوں کو جلد سے جلد دور کیا جائے تاکہ تجارت کو فروغ حاصل ہو سکے۔ اروند مہتا نے بتایا کہ ماضی کو بھلائے جانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاست اور تجارت کو الگ الگ دیکھنا ہو گا۔